عدالت نے سلمان خان کو خوشخبری سنادی

ممبئی(نیوز ڈیسک) سیشن عدالت نے ہٹ اینڈ رن کیس میں بھارتی اداکار سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔گزشتہ روز ممبئی کی سیشن عدالت نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے 2002 میں ہٹ اینڈ رن کیس میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی سیشن عدالت نے رواں ماہ ہٹ اینڈ رن کیس میں عدالت کو ملزم(سلمان) کی جانب سے گارنٹی جمع نہ

کرنے پر اداکار سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے تاہم گزشتہ روز سلمان خان نے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ایم جی دیش پانڈے کی جانب سے قانونی کارروائی مکمل کرنے سے قبل عدالت میں پیش ہوکر قانونی ضابطے مکمل کرتے ہوئے گارنٹی جمع کرادی جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے گئے۔واضح رہے کہ 2002میں سلمان خان نے ممبئی کی ایک سڑک پر شراب کے نشے میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں کو اپنی گاڑی سے کچل دیاتھاجس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھاتاہم ممبئی ہائی کورٹ نے 2015 میں ناکافی ثبوت کی بنا پرسلمان خان پر سے تمام چارجز ختم کرتے ہوئے انہیں بری کردیا تھاتاہم مہاراشٹرا حکومت نے سلمان خان کی رہائی کے خلاف ایک بار پھر عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔سیشن کورٹ نے سلمان خان کو رواں سال اسی کیس میں دو نوٹسز جاری کیے تھے ایک نوٹس5 مارچ کواور دوسرا 16 مارچ کو بھیجا گیا تھا تاہم سلمان خان کی جانب سے دونوں نوٹسز کے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت کی جانب سے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔یاد رہے کہ اسی ماہ جودھ پور کی عدالت نے سلمان خان کو کالے ہرن کے غیرقانونی شکار میں قصور وار ٹہراتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی تاہم دو دن جیل میں گزارنے کے بعد سلمان کی ضمانت منظور ہوگئی تھی۔

متعلقہ خبریں