سرچ انجن چیٹ بوٹ کی مقبولیت میں اضافہ،گوگل کومستقبل بارے خطرات لاحق

نیویارک(این این آئی)گوگل دنیا کا مقبول ترین سرچ انجن ہے مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آرٹی فیشل (اے آئی)ٹیکنالوجی سے لیس ایک چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی اس کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران اس چیٹ بوٹ نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں

بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ہے۔اس کو استعمال کرنے والے افراد آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں، مضامین لکھوا سکتے ہیں اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ گوگل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کو سرچ بزنس کے لیے ایک خطرے کے طور پر دیکھا جارہا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔گوگل کی جانب سے رواں برس سرچ انجن میں کم از کم 20اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس پراڈکٹس اور ایک چیٹ بوٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے ایک تصاویر تیار کرنے والے اے آئی ٹول پر کام کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ اے آئی ٹیسٹ کچن، ٹک ٹاک جیسے گرین اسکرین موڈ (یوٹیوب کے لیے) اور ویڈیوز تیار کرنے والے ٹول پر بھی کام کیا جارہا ہے۔سندر پچائی کی جانب سے گوگل کے شریک بانیوں لیری پیج اور سرگئی برن کو بھی اس نئے منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے حالانکہ یہ دونوں 2019 سے کمپنی کے روزمرہ کے امور کا حصہ نہیں۔

متعلقہ خبریں