ٹیسلا کار میں خرابی انتہائی تیز رفتاری نے2 افراد کو ہلاک کردیا

نیویارک(این این آئی )پانچ نومبر کو ٹیسلا الیکٹرک کار کی خرابی اور پاگل پن کی حد تک تیز رفتاری کی تصدیق 12 نومبر کو ویڈیو کے ذریعہ ہوگئی۔ اگر ویڈیو سامنے نہ آتی تو اس بات پر یقین کرنا مشکل ہوجاتا کہ حادثہ ٹیسلا کار کی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں چا ژو شہر اپنی بندرگاہ کے حوالے سے مشہور ہے۔

اس شہر میں حادثہ اس طرح پیش آیا کہ کار میں اچانک خرابی آگئی اور وہ اتنی تیز ہوگئی کہ ڈرائیور اس کو کنٹرول میں نہ رکھ سکا اور کار نے دو افراد کو روند کر جاں بحق اور تین کو زخمی کردیا۔کار ماڈل وائے 2022 کی تھی، یہ ماڈل مکمل الیکٹرک چارج کے ساتھ 480 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کار کو ایک گلی کے کونے میں روکنے کا پروگرام دیا گیا تھا جس کی بنا پر کار کی رفتار آہستہ ہوئی لیکن ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے رکنے کی جگہ کے قریب پہنچ کر کار رکی نہیں بلکہ بائیں طرف جھک گئی اور چلتی رہی اور گزرنے والی گلیوں میں اچانک اس کی رفتار تیز ہوگئی۔ اس دوران کئی کیمرے اس کی نگرانی کر رہے تھے۔ دو افراد اس کے پہیوں سے ٹکراکر ہلاک ہوئے اور تین زخمی ہو گئے۔جیمو نیوز ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں موٹرسائیکل سوار تھے۔ ان کو ٹکر کا منظر بھی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں ایک ہائی سکول کی طالبہ کو کار سے بچنے کیلئے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ابھی تک حادثے کی تکنیکی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔ ڈرائیور کے خاندان کے ایک 55 سالہ شخص کو بھی بریک پیڈل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جب وہ فیملی سٹور کے سامنے رک رہے تھے۔دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ملکیت کمپنی ٹیسلا نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ چینی سٹی پولیس “فی الحال سچائی کا تعین کرنے کے لیے تیسرے فریق سے اس واقعہ کی وجہ تلاش کرا رہی ہے۔ اس حوالے ہم ضروری مدد فراہم کریں گے۔

کمپنی نے کہا افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔ مزید کہا گیا کہ ویڈیوز کے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی کی رفتار کے دوران بریک لائٹس نظر نہیں آرہی تھیں ۔ اس کا ڈیٹا مسائل کی نشاندہی کر رہا ہے اور یہ بھی معلوم ہو رہا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی کے پورے سفر میں بریک نہیں لگائی ۔

اس سے ذمہ داری ڈرائیور پر بھی آ سکتی ہے۔یاد رہے چین میں ٹیسلا پر ناقص بریکوں کے پہلے بھی الزامات لگتے رہے ہیں اور چین الیکٹرک کاروں کے لئے کمپنی کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ اس سے قبل ایک عدالت نے ایک چینی کار کے مالک کو عوام سے معافی مانگنے کا حکم دیا تھا

اور کمپنی کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کار کے بارے میں کہا گیا تھا کہ اس کی بریک میں مسائل ہیں اور یہ ماحول سے مطابقت نہیں رکھتی۔ اس واقعہ سے بھی کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچا تھا۔

متعلقہ خبریں