چلتی ٹرین میں ایک اور خاتون درندگی کا نشانہ بن گئی

فیصل آباد(نیوز ڈیسک) چلتی ٹرین میں ایک اور خاتون درندگی کا نشانہ بن گئی، بہن کو ملنے کیلئے کراچی سے راولپنڈی جانے والی خاتون کو چلتی ٹرین میں زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی ٹرین میں ایک اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کراچی سے راولپنڈی بہن سے ملنےجارہی تھی جب اسے ٹرین میں 2 سیکورٹی گارڈز نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔خاتون نے ریلوے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔ ریلوے پولیس نےدونوں گارڈز کو گرفتار کر لیا ہے اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش آگے بڑھائی جائےگی۔

واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل ہی پاکستان ریلوے کی زکریا ایکسپریس میں ایک خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا تھا ۔ چند روز قبل ہی اس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی جب 3 مرکزی ملزمان کے ڈی این اے کے نمونے متاثرہ خاتون سے میچ کر گئے۔میڈیا رپورٹس میں پراسیکیوشن ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت کو بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے زیادتی کے کیس میں پنجاب فرانزک لیب سے ملزمان کی ڈی این اے رپورٹ موصول ہوئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 3 ملزمان کے ڈی این اے متاثرہ خاتون کے نمونوں سے میچ کر گئے ، کیس میں متاثرہ خاتون 2 ملزمان کو شناخت بھی کر چکی ہیں جب کہ عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔

متعلقہ خبریں