نوشہرہ کی خاتون اے ڈی سی نے سیلابی صورتحال میں فرض شناسی کی مثال قائم کردی

نوشہرہ ٗ لاہور (آئی این پی ) نوشہرہ کی خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قر العین نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی اپنے فرائض کو بھر پور طریقے سے انجام دیکر فرض شناسی کی ایک عمدہ مثال قائم کر دی۔ سوشل میڈیا پر نوشہرہ کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قر العین کو سپر وویمن کاخطاب دیا جا رہا ہے۔ قرالعین نے نوشہرہ کے مکینوں کو سیلابی ریلے سے بچانے کے لیے گھر گھر جا کر

ناصرف لوگوں کو نکالا بلکہ مسجد میں اعلانات کرکے آگاہی بھی فراہم کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نوشہرہ میں سیلابی صورتحال کے باعث تعمیرات کو نقصان ضرور پہنچا لیکن قر العین کی کاوشوں کے باعث جانی نقصان کی اطلاعات تاحال سامنے نہیں آئیں۔دوسری جانب متحدہ علما بورڈ پنجاب نے سیاسی مذہبی جماعتوں کو سیاست معطل کر کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دینے کی اپیل کر دی ہے۔ چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا طاہر اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو دو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا جائے، اس وقت انسانیت سسک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے سانحہ اے پی ایس نے قوم کو متحد کردیا تھا آج بھی سیلاب زدگان کی کسمپرسی کا تقاضا ہے کہ قوم متحد ہو کر ان کی مدد کریں۔ چیئرمین متحدہ علما بورڈ کا کہنا ہے کہ جو خود ساختہ مہنگائی کر رہے یہ دوزخ کا ایندھن بنا رہے ہیں، حکومتی اداروں سے اپیل ہے ان منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیں۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ جو نفلی عمرہ کرنا چاہتا ہے وہ بھی پیسہ ان سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دے۔
تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دیں سیاست تو ہوتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری خاندان پاکستان کی سیاست میں مفاہمت کے لئے آگے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی صورتحال میں داڑھی پگڑی اور ٹوپی والوں نے کردار ادا کیا ہے، سب کو نظر آگیا ہے افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں۔

متعلقہ خبریں