حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متعدد کوششیں کی ہیں، آرمی چیف

پاک فوج کے سربرا جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو باغ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور عیدالاضحی کا پہلا روز اپنے مادر وطن کے دفاع کیلئے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متعدد کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ کشمیر کے حل کا عزم اتنا ہی مضبوط ہے جتنی ہماری امن کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا کر کنٹرول لائن اور پاکستان کی طرف موڑنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے جانے والے جرائم پر پردہ ڈالنے کا کوئی موقع نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین نہ صرف ہمیں امن کا درس دیتا ہے بلکہ ہمارا مذہب ہمیں سچ کے ساتھ کھڑے ہونے اور قربانیاں دینے کا درس بھی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتنا بھی وقت لگے اور کتنی ہی کوششیں کیوں نہ کرنی پڑیں، ہم ہر چیلنج کا انشاء الله برابری سے مقابلہ کریں گے۔ پاک فوج نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی۔

متعلقہ خبریں