اسلام آباد: جناح ہاؤس لاہور پر حملے میں ملوث شرپسند نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر جناح ہاؤس پر حملہ طے شدہ تھا۔
تحریک انصاف کا فعال کارکن عاشق خان لاہور کا رہائشی ہے، جس کا جناح ہاؤس لاہور میں دہشت گردی پھیلانے اور شرپسندی کا اعترافی بیان سامنے آ گیا ہے۔ عاشق خان نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے دوران فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو جلد رہا نہ کیے جانے پر اینٹ سے اینٹ بجا دینے کا کہا تھا۔
شرپسند نے لوگوں کو اکسایا اور انہیں حملہ کرنے کے لیے جناح ہاؤس کی جانب جانے کا کہا۔ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ ’’جب 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تو زمان پارک میں یہ پہلے سے طے شدہ تھا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کیا گیا تو ہم نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنا ہے‘‘۔
عاشق خان نے اعتراف کیا کہ ’’حملہ کرنے کی ہدایات ہمیں زمان پارک میں پہلے سے ملتی رہی ہے کیوں کہ جب سے حکومت گئی ہے تب سے پارٹی قیادت کی جانب سے پاک فوج کے خلاف ہماری ذہن سازی کی جاتی رہی اور ہمارے ذہن میں فوج سے نفرت کو ابھارا جاتا رہا‘‘۔
شرپسند عاشق خان نے کہا کہ ’’ہمارے ذہنوں کو فوج سے نفرت کی طرف موڑا گیا، یہی سوچ ہمیں جناح ہاؤس کی حدود میں لے گئی اور ہم اس پر حملہ آور ہو گئے‘‘۔