عمران خان سانپ تھا جو پانچ کے ٹولے نے پالا، اب یہی پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے، مریم نواز نے کھری کھری سنا ڈالیں

ملتان (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آر گنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا، یہ بلنڈر نہیں سانپ تھا

جو پانچ کے ٹولے نے پالا تھا، اب یہی سانپ پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے،نوازشریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلف ہے مہنگائی ہے،جب بھی نوازشریف کی حکومت آئی مہنگائی کم ہوئی، پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا، نوازشریف نے 2016میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا،معاہدہ عمران خان کر کے گیا،جاتے جاتے معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا،دو دو گھنٹے کی گرفتاریوں میں یہ بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، ان پر ترس ٓتا ہے، اگر نواز شریف سے حکومت کرنی نہیں سیکھی تھی تو اپوزیشن کرنی ہی سیکھ لیتے،پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آ رہی،اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ اور پھر آؤ۔ اتوار کویہاں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، میرا آپ کے ساتھ دھڑکتا ہے تاہم آپ سب کو پتا ہے کہ یہ مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے۔مریم نواز نے کہاکہ قوم گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کی حکومت آئی، تب تب پاکستان نے بلندیوں کا سفر کیا، ہر بار جب نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگائی بھی کم ہوئی، پاکستان میں ترقی بھی آئی، بڑے بڑے منصوبے بھی آئے اور آج میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا۔

انہوں نے کہاکہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا تھا تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی، نہ آٹے کی قیمت بڑھی، چار سال نہ چینی کی قیمت بڑھی نہ تیل کی قیمت بڑھی۔مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ 75سال کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی واحد حکومت رہی جس میں چار سال آٹا 35روپے کلو رہی،

چینی 50 سے 55 روپے کلو رہی اور گھی 140 روپے کلو رہا، وہ بھی وقت تھا کہ روٹی دو روپے اور پانچ روپے کی ملتی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے قیمتیں نہیں بڑھتیں، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ عمران خان بھی کر کے گیا، آج ہمیں جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں وہ اس معاہدے کی وجہ سے ہیں جو عمران خان کر کے گیا اور جاتے جاتے اس معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا۔

انہوں نے کہاکہ آج آئی ایم ایف کہتی ہے کہ عمران خان نے جو دھوکا دیا اس کی وجہ سے ہم آپ کی بات نہیں سنیں گے، پہلے قیمتیں بڑھاؤ اس کی بعد بات سنیں گے، اگر آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے اور اگر آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہونے کو آ جاتا ہے، ہمارے ہاتھ اس آئی ایم ایف کے معاہدے نے باندھے ہیں تاہم عمران خان کو تو نواز شریف سے ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، وہ اس کو کھنڈر میں تبدیل کر کے چلا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں تو 2022 میں اجڑا ہوا پاکستان ملا ہے

تاہم عمران خان کی طرح ہم چار سال یہ نہیں روئیں گے کہ پچھلی حکومت کر گئی، ہم آپ کو حقائق ضرور بتائیں گے مگر ساتھ آپ کو یہ بھی بتائیں گے کہ جس طرح نواز شریف نے ہر بار قوم کو اللہ کے فضل سے مشکل سے نکالا، اس بار بھی نواز شریف پاکستان کو نکال کر لے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گھڑی چور نے صرف گھڑی چوری نہیں کی بلکہ پاکستان کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچائی ہے اور آج باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے،

یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا جس نے ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچا دی۔انہوں نے کہاکہ اب صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں بلکہ جو داغ ملک اور قوم کے ماتھے پر لگایا اس کو دھونا پڑے گا، اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا، یہ بلنڈر نہیں سانپ تھا جو پانچ کے ٹولے نے پالا تھا، اب یہی سانپ اس پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے۔مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ میں یہ بھی بتا دوں کہ اگر مسلم لیگ(ن) اس ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی تو پاکستان میں کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں ہے

جو اس ملک کو مشکلات سے نکال کر لے جائے، عوام حوصلہ رکھیں لیکن وہ وقت آئے گا جب ہم آپ کو مشکلات سے نکال کر لے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان کی صرف حکومت میں پرفارمنس خراب نہیں تھی بلکہ اپوزیشن میں بھی پرفارمنس خراب ہے، دو دو گھنٹے کی گرفتاریوں میں یہ جیسے بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، تو قسم سے ان پر ترس ٓتا ہے، اگر نواز شریف سے حکومت کرنی نہیں سیکھی تھی تو اپوزیشن کرنی ہی سیکھ لیتے۔انہوں نے کہا کہ ٹینکوں کے سامنے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے بار بار بلک بلک کر رو رہے ہیں، پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آ رہی

کیونکہ فیض کے سر پر سیاست کرتے رہے، اس کی بیساکھیوں پر سیاست کرتے رہے، اب ان کو سمجھ نہیں آ رہی۔مریم نواز نے عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی کال کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں سن رہی تھی کہ یہ جیل بھرو تحریک کا کہہ رہا تھا، چار سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا اور کارکنوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو، اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ اور پھر آؤ۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگوں کو جیل بھرنے کا کہنا ہے اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں

کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کہاں ہے وہ پانچ کا ٹولہ، سب اپنی جگہ رہ کر خون کے آنسو رو رہے ہیں، تو یہ تو ہونا ہی تھا، نواز شریف یا شہبازشریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، ایک چیز ہے کہ جس کا نام ہے مکافات عمل، وہ دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے، حساب کتاب صرف آخرت میں نہیں بلکہ اس دنیا میں بھی ہو گا۔مسلم لیگ ن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ جو پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ ن لیگ الیکشن سے گھبرا رہی تو ایک بات واضح کردوں کہ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں،ہم الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے پنجاب میں اپنی حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1999 میں پوری دنیا کے رسائل میں یہ لکھا گیا ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشئین ٹائگر بننے جارہا ہے،نوے کی دہائی میں پوری دنیا سے وفود یہ دیکھنے آتے تھے کہ کس طرح سے پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری دنیا اور امریکہ بہادر ایک طرف تھا، وزیراعظم کو دھمکیاں دی جارہی تھیں کہ خبردار اگر تم نے ایٹمی دھماکا کیا، اگر ہندوستان نے ایٹمی دھماکا کیا بھی ہے تو پاکستان ایٹمی دھماکا نہیں کرسکتا، کیونکہ دنیا کو یہ بات منظور نہیں کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی قوت ہو۔انہوں نے کہاکہ ان تمام دھمکیوں کے باوجود اس وقت کے وزیراعظم نے ملک کی خاطر، قوم کی خاطر، پوری امت مسلہ کی خاطر انڈیا کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج کا پاکستان اگر آج اپنے پورے قد سے کھڑا ہے تو میاں نواز شریف کے اس فیصلے کی وجہ سے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب نواز شریف کو دوبارہ حکومت ملی تو پاکستان جسے دنیا ایشین ٹائگر سمجھتی تھی کہنے لگی کہ ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے، دہشتگردی سوات میں اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ کہا جانے لگا اگلا قدم اب اسلام آباد ہے۔رانا ثناء اللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلے نے 2014 سے آج تک لانگ مارچ اور دھرنوں کے سوا کچھ نہیں کیا اور اب یہ کہہ رہا ہے میں نے جیل بھرو تحریک شروع کرنی ہے، بیٹا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو تمہارا علاج میں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے کیلئے آنا تھا، پھر تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہیے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہیں انہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں تم نے ہمیں رکھا تھا، ہم تمہیں جیلوں میں ہر چیز مہیا کریں گے کھانے پینے کی، لیکن ایک چیز مہیا نہیں کریں گے اس کے بغیر تمہیں گزارا کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں