ظہیر کی والدہ نے دعا زہرا کے والدین سے معافی مانگ لی

لاہور (نیوز ڈیسک ) دعا زہرا اغوا کیس، ظہیر کی والدہ نے دعا زہرا کے والدین سے معافی مانگ لی ۔کراچی کی رہائشی دعا زہرا سے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے ظہیر احمد کی والدہ نور بی بی نے کہا ان کے بیٹے کی جان کو خطرہ ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دونوں بیٹوں کی جان کو خطرہ ہے لہذا انہیں جلد از جلد لاہور منتقل کیا جائے۔نور بی بی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کیس ختم کر دیا تھا لیکن دعا زہرا کے والدین نے اپنے جھوٹے الزامات کے ساتھ کیس کو دوبارہ اٹھایا، یہ سراسر غلط ہے۔ظہیر احمد کی والدہ نے کہا کہ جب میرے بیٹے عدالت گئے تو ان پر بھی حملہ کیا گیا۔

ظہیر کی والدہ نے کہا میں زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہوں بس گذارش ہے کہ میرے بچوں کو یہیں منتقل کیا جائے اور فیصلہ بھی یہیں ہو، جب سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سنا دیا تھا تو اس کے بعد کیوں دوبارہ کیس کھولا گیا۔مجھے اندازہ ہے دعا کے جانے کے بعد ان کے والدین بھی تکلیف میں تھے، میں ان سے یہی کہوں گی وہ میرے بہن بھائی کی طرح ہیں مجھے معاف کر دیں۔دعا چاہے یا ظہیر کے سوال پر نور بی بی نے کہا کہ مجھے دونوں چاہیں، بچوں کی محبت ہے اور مجھے لگتا ہے ان کی محبت خراب نہیں کرنا چاہئیے۔ان کے والدین سے یہی کہوں گی آپ کی بچی معاف مانگ رہی ہے اسے معاف کر دیں۔ نور بی بی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمیں انصاف دلوایا جائے۔ خیال رہے کہ دعا زہرا کو لاہور سے کراچی دارالامان منتقل کیا گیا تھا۔ ملزم ظہیر اور شبیر نے گزشتہ ہفتے عدالت میں پیش ہوکر عبوری ضمانت حاصل کی تھی جبکہ پولیس نے نادرا سے ان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کروا دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں