پاک فوج کے جوان نے بجلی کے کھمبے سے چپکے شخص کی جان بچا لی،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے کینٹ میں فوجی جوان نے بجلی کے کھمبے سے چپکے شخص کی جان بچا لی۔اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے دوران ایک شخص کرنٹ لگنے سے کھمبے سے چپک گیا تھا جس کو ایک فوجی جوان جرات اور بہادری کے ساتھ جان کی پرواہ کیے بغیر بچایا۔ویڈیو میں واضح ہے کہ فوجی جوان اپنی جان پر کھیل کر کھمبے سے چپکے شخص کو دور ہٹاتا ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے فوجی جوان کو خوب سراہا جا رہا ہے اور ان کی ہمت کی داد دی جا رہی ہے۔جب کہ ایف سی بلوچستان (نارتھ)کی جانب سے کوئٹہ اور قلعہ سیف کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

فرنٹیئرکور بلوچستان (نارتھ)کی جانب سے کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں حالیہ بارشوں کے بعد امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔شدید بارش کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ایف سی حکام نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔ ایف سی اہلکاروں نے شدید بارش سے متاثرہ خاندانوں کو خیمے اور راشن فراہم کیے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ایف سی اہلکاروں نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا۔کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گرنے والے مکانات کے متاثرین کو خیمے فراہم کیے جبکہ سریاب کے علاقے صدام پھٹک میں 70 خاندانوں کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا۔بارش سے متاثرہ افراد کو قریبی سکول اور دکانوں میں عارضی طور پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور ایف سی بلوچستان (نارتھ)کے اشتراک سے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

متعلقہ خبریں