حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ ایڈہاک الاؤنس کی مد میں کیا گیا۔تنخواہ میں حالیہ اضافہ 2017 کی رننگ پر کیا گیا ہے جب کہ ملازمین کو 2016 سے 2021 تک ملنے والے دس دس فیصد کے پانچ ایڈہاک الاؤنسز اور ریلیف بھی تنخواہ میں شامل کر کے یکم جولائی 2022 کی سطح پر منجمد کر دیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں کیے جانے والے اضافے پر انکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا جب کہ 23 جون 2022سے بھرتی ہونے والے ملازمین کی بنیادی تنخواہیں نئے پے اسکیل کے مطابق متعین ہو گئی۔ جبکہ اسپیشل الاؤنس ہاؤس رینٹ اور دیگر الاؤنسز کو 30 جون 2022 کی سطح پر منجمد کردیا گیا۔

خیال رہے کہ پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی،پنجاب کابینہ نے مالی سال 2022-23 کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ، کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی ، پنجاب حکومت 15 فیصد اضافی تنخواہ کےساتھ 15 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس بھی دے گی ، ڈسپیرٹی الاؤنس صرف مخصوص سرکاری محکموں کے ملازمین کو ہی ملے گا ، وفاق کی طرز پر پنجاب میں تمام ایڈہاک ریلیف تنخواہوں میں ضم ہوں گے جب کہ پنشن میں بھی 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔خیبر پختونخوا میں آئندہ مالی سال 23-2022 کا 1332 ارب مالیت حجم کا بجٹ پیش کر دیا تھا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا تھا ،گریڈ 6 سے 16 تک پولیس کے شہدا پیکج کو بڑھا دیا گیا تھا۔سندھ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں15فیصد اور پنشن 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں