لوگ تیاری کریں ،جلد پورا ملک سراپا احتجاج ہوگا، فواد چوہدری

کراچی (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان اور حکومت سے تنگ لوگوں سے کہتا ہوں کہ تیاری کرلیں، جلد پورا ملک میں سراپااحتجاج ہوگا۔ شہباز شریف، آصف زرداری اور ایم کیو ایم انتخابات سے کیوں ڈر رہے ہیں یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرنے کی طرف بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ سرکاری جہاز پر وزیر اعظم تعزیت کے لیے نواب شاہ گئے۔عمران خان پاکستان کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں اس لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ میں تو بد معاشی راج چل رہا ہے یہاں ایک نظام بنالیاگیا ہے کہ الیکشن کیلیے لوگوں کواغوا کیا جائے جبکہ یہ جماعتیں خود الیکشن سے فرار کے لئے عدالت گئیں۔

فوادچوہدری نے سوال کیا کہ شہباز شریف ،زرداری اور ایم اکیوایم والے الیکشن سے کیوں ڈر رہے ہیں، کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے تو نہیں ڈرسکتی۔کراچی کے ضمنی انتخاب میں لوگوں نے ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کو مسترد کر دیا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی کال پر 90 فیصد ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قوم سے قربانی کی توقع ہے تو خود تو قربانی دینی چاہیے مگر صورت حال یہ ہے کہ سرکاری جہازپر وزیراعظم آصف زرداری سے والدہ کی تعزیت کے لیے گئے، صاف نظر آرہا ہے کہ تمام خاندان اس وقت سرکاری خرچوں پرپل رہا ہے۔فواد چوہدری نے عنقریب امپورٹڈ حکومت کے خلاف میگا احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد اگلی کال دینے والے ہیں جس میں پوراملک سراپا احتجاج ہوگا،پی ٹی آئی کارکنان اور حکومت سے تنگ لوگوں سے کہتاہوں کہ تیاری کرنی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ ان لوگوں نے کہا امیروں پر ٹیکس لگایا لیکن اصل میں انہوں نے کاروبار پر ٹیکس لگایا ہے۔

عمران خان پاکستان کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں اس لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم نے مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔عوام کا حکومت پر اعتماد مکمل ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو افغانستان کی کرنسی سے بھی مقابلہ نہیں کر پا رہے۔ اراکین اسمبلی پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کے پیسے دے رہے ہوتے ہیں جبکہ کینڈی کریش چیمپئن کی پوری ٹیم ملک کا بیڑہ غرق کر رہی ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حالیہ گیلپ سروے میں 76 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ انتخابات واحد راستہ ہیں، امپورٹڈ حکومت نے پاکستانی روپیہ کو غیر مستحکم کیا اور بدترین مہنگائی کے ساتھ کاروبار پر ٹیکس لگا دیا اور کاروبار پر ٹیکس کا پیسہ عوام دیں گے جبکہ مریم نواز کو سرکاری سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں