بجلی کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔کے الیکٹرک نے 5 روپے 31 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 14 جون 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 83 پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا۔

اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 44 پیسے زیادہ چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف جولائی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی مئی کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 7 روپے 96 پیسے اضافہ کیلئے درخواست کی سماعت 27 جون کو کرے گی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیلئے درخواست جمع کرائی ہے جس کی سماعت 27 جون کو کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقین کی آراء جاننے کے بعد نیپرا حتمی فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں