مارکیٹ اور معیشت کو 2 ہزار وولٹ کا جھٹکا ، قوم کو 1990 والاپاکستان مبارک ہو،ماہر معاشیات کا ٹویٹ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ماہر معاشیات مزمل اسلم نے کہا ہے کہ مارکیٹ اور معیشت کو 2 ہزار وولٹ کے جھٹکے کے ساتھ قوم کو 1990 والا پاکستان مبارک ہو۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اعلان کے بعد مارکیٹ اور معیشت کو 2 ہزار وولٹ کا جھٹکا لگا ، امپورٹڈ حکومت کے معاشی فیصلوں کے بعد پاکستان اپنی تاریخ کی بد ترین غربت اور مہنگائی دیکھنے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر کے موجودہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا آخرکار گلا گھونٹ دیا ، ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور افراتفری کا نفاذ کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے باعث کاروبار معطل کردیا گیا ، کاروبار کےدوران100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی اور دوران کاروبار انڈیکس 40 ہزار 663 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی اس وقت دیکھی گئی جب وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ، ان صنعتوں میں سیمنٹ، شوگر، اسٹیل، آئل اینڈ گیس سیکٹر، ٹیکسٹائل، بینکنگ، فرٹیلائز، سگریٹ، آٹوموبائل اور بیوریجزانڈسٹری سمیت دیگر شامل ہیں ، معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ، ہم نے اپنی ذات اور سیاست کو پاکستان کیلئے قربان کر دیا ، یہ وقت سیاست کو نہیں ریاست کو بچانے کا ہے ، تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہے ، گزشتہ حکومت میں بدترین کرپشن ہوئی ، گزشتہ حکومت کی ناتجربہ کاری اور کرپشن کی وجہ سے معیشت دیوالیہ ہونے جا رہی تھی لیکن ملک اب ان مشکلات سے نکل آئے گا کیوں کہ ہم نے عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لیے اہم فیصلے کیے ۔

متعلقہ خبریں