اس سے تو بہترہے کہ ہم افغانستان چلے جائیں جہاں کم ازکم ہمارا گزرا تو ہوجائے گا،وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ ’بلاول ہمارے لیے کیا حکومت کرے گا اس سے تو بہترہے کہ ہم افغانستان چلے جائیں جہاں کم ازکم ہمارا گزرا تو ہوجائے گا‘۔پشاور میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں تقریب سے خطاب میں محمود خان کا کہنا تھاکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں صحت اورتعلیم میں اصلاحات لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر ریجن میں ایک بڑا ہسپتال بنائیں گے جو نجی شعبے کے تعاون سے بنے گا کیونکہ حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ملک میں امپورٹڈ حکومت ہے، ان کے پاس تیل کی قیمت کےحوالے سے اختیارات نہیں، یہ امریکی احکامات پرعمل کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان کےساتھ ہیں اور میں امپورٹڈ وزیراعظم کی شکل دیکھنا پسند نہیں کرتا، پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت نہیں کی، مرکزی حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ملک پر بلاول ہمارے لیے کیا حکومت کرے گا؟ سینما میں ٹکٹ بلیک کرنے والے اور اس کا بیٹے کو بیٹھا دیا گیا ہے، اس سے تو بہترہے کہ ہم افغانستان چلے جائیں جہاں کم ازکم ہمارا گزارا توہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں