مجھے عمران خان سے نہیں بلکہ ان کی سوچ سے نفرت ہے، آصف زرداری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ مجھے عمران خان سے نہیں بلکہ ان کی سوچ سے نفرت ہے،مجھے قید میں رکھا دکھ نہیں لیکن میری بہن کو ناجائز جیل بھیجا گیا، فالودے والے کااکاؤنٹ سارا پروپیگنڈا تھا،عمران خان کو گولڈاسمتھ فیملی کی پوری سپورٹ ہے، ہمیں پتا ہے عمران توخود چھپکلی سے بھی ڈرتا ہے۔انہوں نے جیونیوز کے اینکر حامد میر کو اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونی چاہیے،جس سے بھی بات کی اس سے سیاسی اتحاد کی بات کی ہے،اتحاد میں ہم دینے والے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دیا ہے، میں نے سب اتحادیوں کو اکٹھا کیا اب میری ذمہ داری ہے کہ ان کے جیوائن مطالبات کو پورا کیا جائے،اتحادیوں کو پتا ہے جو میں نے وعدہ کیا وہ پورا کروں گا۔میں خود شہبازشریف کو وزیراعظم کی پیشکش کی، ان کو کہا آپ وزیراعظم بنو میرے پاس 70ووٹ ہیں۔

اتحادیوں کے ساتھ تین سال سے رابطے میں تھا، مجھے پتا تھا وہ میرے ساتھ آئیں گے، شہباز شریف کے ساتھ بھی خفیہ رابطہ تھا۔ایک زرداری سب پربھاری نہیں بلکہ ایک زرداری سب سے یاری پر یقین رکھتا ہوں، انہوں نے کہا کہ عمران خان جب حکومت چلانے کی ناکام کوشش کررہا تھا تو ہم سڑکوں پر تھے، آج ہم حکومت میں ہیں اور وہ سڑکوں پر ہے تو یہ جمہوریت کا حسن ہے، آج کے دور میں دوتہائی اکثریت حاصل کرنا آسان کام نہیں، سوشل میڈیا بہت خطرناک ہوگیا ہے، عمران خان شروع سے ہی جھوٹ بولتے ہیں، نفرت عمران خان سے نہیں ان کی سوچ سے ہے،مجھے اپنے مقدمے کا کوئی دکھ نہیں ، مجھے افسوس ہے اس نے میری بہن کو جیل بھیجا، وہ ناجائز تھا، ایک چیک میری کمپنی کا سائن کیا کیونکہ میں اس وقت صدر تھا، کوئی فالودے والا نکال لیا کوئی کسی کو نکال لیا، فالودے والے اکاؤنٹ میں میرے ، یا کسی دوست کے پیسے نہیں تھے، یہ سب پروپیگنڈا ہے، اگر ہوتا تو سامنے لاتے، عمران خان کی پروپیگنڈا مشینری انٹرنیشنل لیول کی ہے،اور لوگوں کو ہائر کیا، ان کے گولڈاسمتھ فیملی کی پوری سپورٹ ہے، اس نے چند روز قبل بھی بطور وزیر اس کیلئے بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب کے معاملات میں سنجیدگی لے کر آئیں گے، پارلیمان کی کوئی کمیٹی ہونی چاہیے اگر اس میں کوئی سیاستدان ملوث ہے، تو اس کو دیکھا جائے یہ نہیں کہ نیب خود کیس بنائے اور بکتر بند گاڑی میں پھینک کر اڈیالہ جیل میں پھینک دیتے ہیں۔نیب کو بزنس کمیونٹی سے دور کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی ہم سے تھوڑے سینئر ہیں ہم ان کیلئے کوشش کرتے رہے،جب بچے بڑتے ہوجاتے ہیں تو مسئلہ ہوتا ہے پرویزالٰہی کو کسی نے مس گائیڈ کیا۔

متعلقہ خبریں