عمران خان ن لیگ کا ہاضمہ خراب کرکے ہی دم لیں گے،پرویز الہیٰ

لاہور (نیوز ڈیسک)صوبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ن لیگ کا ہاضمہ خراب کرکے ہی دم لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ علیم خان اور حمزہ شہباز کی لڑائی سے میرا کوئی تعلق نہیں ، ہم کامیابی کے لیے پر امید ہیں ، میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب بن کر بہت سارے کام کرنے ہیں۔دوسری طرف سینئر سیاستدان و رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے ساتھ تلخ کلامی کی خبروں کی تردید کردی ، انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک بیان میں کہا کہ پرویز الہیٰ صاحب کو اپنی ہار نظر آر ہی ہے ، اُن کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر آگئے ہیں ، حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کارشتہ ہے ، وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں ، ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔

علیم خان نے مزید کہا کہ پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں ، الیکشن کے میدان میں آئیں تو انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔جب کہ ترجمان علیم خان نے کہا ہے حمزہ شہباز کو ہی وزیراعلیٰ بنائیں گے، ہم متحد ہیں، عبدالعلیم خان غیر مشروط طور پر حمزہ شہباز شریف کا ساتھ دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں