جہانگیر ترین کو ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دے دی، لندن سے لاہور کا ٹکٹ بک کرالیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) معروف سیاستدان جہانگیر ترین 15 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دے دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین نے 15 اپریل کو لندن سے لاہور کا ٹکٹ بک کرا لیا۔عون چوہدری کا کہنا ہے کہ گروپ کے تمام ارکان جہانگیر ترین کا ائیرپورٹ پر استقبال کریں گے۔جہانگیر ترین تحریک انصاف کے تمام ناراض دھڑوں سے ملاقات کریں گے۔وہ واپسی پر علیم خان، چوہدری سرور ، اسد کھوکھر اور دیگر سے ملاقات کریںگے۔جہانگیر ترین پنجاب میں متحدہ اپوزیشن کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)نے تحریک انصاف کی جانب سے استعفے دیے جانے کے فیصلے کے بعد دوسرا پلان تیار کرلیا ہے۔ایک انٹرویومیں احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی جس نشست سے استعفیٰ دے گی وہاں ضمنی انتخاب ہوگا، جب ہم اپوزیشن میں تھے، استعفوں کی بات کرتے تھے تو پی ٹی آئی کہتی تھی کہ ضمنی انتخاب کروائیں گے۔ رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خالی نشست پر دوسرے نمبر پر آنیوالے اتحادی امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا میں زیادہ سے زیادہ استعفیٰ دے کر سسٹم کو ڈائون کیا تو دوبارہ الیکشن کروائیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنی انا کی خاطر جمہوری سسٹم کو یرغمال بنائے رکھا، عمران خان اب حکومت میں نہیں اپوزیشن میں ہیں، کوشش کریں گے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ جب پارلیمنٹ کے باہر قیدیوں والی وین آئی تو چیزیں پگھلنا شروع ہوئیں۔احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

متعلقہ خبریں