پی ٹی آئی کی طرف سے استعفوں کے اعلان پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے استعفوں کے اعلان پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا ‘ احسن اقبال کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے تو ان حلقوں میں اپوزیشن کی جانب سے متحدہ امیدوار سامنے لائیں گے اور ضمنی انتخاب ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل سے جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے استعفوں کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں اپوزیشن استعفے دینے کا کہا کرتی تھی تو ان کے وزیر ، مشیر اور ترجمان کہتے تھے نظام کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ،قانون حرکت میں آئے گا اور جہاں سے اپوزیشن استعفے دے گی وہاں ضمنی انتخاب ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ایس او پی اس وقت بیان کی تھی وہ موجود ہے ، اگر یہ استعفے دیتے ہیں تو جہاں ان کا استعفیٰ ہوگا اپوزیشن کے دوسرے نمبر پر رہنے والے امیدوار کی جماعت سے تعاون کریں گے اور ضمنی انتخاب میں ہمارے لوگ جیت جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس عددی اکثریت نہیں ہے کہ وہ نظام کو جھول دے سکیں ، صوبہ خیبرپختونخوا میں جہاں ان کی اکثریت ہے وہاں یہ زیادہ سے زیادہ استعفے دے کر نظام کو بٹھائیں گے تو خیبرپختونخوا میں نئے انتخابات ہوجائیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ اور چوروں کی حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتے ، اس لیے آج قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفے دیں گے ، صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ کے شوبرا چوک میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے بیرونی عناصر کا آلہ کار بن کر سازش کے تحت عمران خان کی حکومت گرائی ، عمران خان ایک بہادر لیڈر ہے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر ان سازشی عناصر کا مقابلہ کریں گے، ملک میں فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

متعلقہ خبریں