لوگ اب بھی مری جانا چاہتے ہیں مگر ہم نہیں جانے دیں گے،شیخ رشید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ لوگ اب بھی مری جانا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں نہیں جانے دیں گے۔ نجی ٹی وی چینل جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ گاڑیوں سے نہیں نکل رہے ہیں اور بچے بھی ان کے ساتھ ہیں، لوگ سیلفیاں بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پھنسے ہوئے افراد ریسٹ ہاؤسز میں مفت میں رہ سکتے ہیں، لوگ مری میں پھنسے ہوئے ہیں اور مزید لوگ مری جانا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کونہیں جانے دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ علاقہ سے 700 گاڑیاں نکال لی گئی ہیں اور تقریباً 200 گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جنہیں چند گھنٹوں میں نکال دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دو ہیلی کاپٹر تیار ہیں مگر موسم ایسا ہے اس میں ہیلی کاپٹرکا رسک نہیں لیا جا سکتا، شام 7 سے 8 بجے تک راستے کھل جائیں گے۔

قبل ازیں شیخ رشید نے مری میں 19 سے 20 افراد کی اموات کی تصدیق کی تھی۔سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ شدید ٹھنڈ اور برفباری کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں مری اور گلیات آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک بحال کرنے کی کوشش میں لگے رہے لیکن عوام کی اتنی بڑی تعداد ہے کہ پچھلے 12 گھنٹوں میں راستہ کھولنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کر رہے ہیں اور مری کے مقامی افراد سے بھی اپیل ہے کہ سخت سردی میں گاڑیوں میں پھنسے لوگوں کو کمبل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کریں، امید ہے کہ آج رات تک راستے کلیئر کروا لیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، اسلام آباد کی انتظامیہ اور میں خود معاملے کو مانیٹر کر رہا ہوں اور حکومت کو اس معاملے پر آگاہ بھی کر رہا ہوں۔

متعلقہ خبریں