ایک سال کے دوران فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 18 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایک سال کے دوران فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 18 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا، پے درپے 9 مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے صارفین کی جیبوں سے ساڑھے 600 ارب روپے سے زائد رقم حاصل کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سال 2021 کے دوران فی یونٹ بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 18 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران کل 9 مرتبہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کیا گیا، یہ اضافہ نیادی ٹیرف، سرچارج، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں کیا، جس کے نتیجے میں صارفین کی جیبوں سے ساڑھے 600 ارب روپے سے زائد نکال لیے گئے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق آفیشل کنزیومر پرائس انڈیکس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال نومبر 2021 میں مہنگائی بڑھ کر11.5 فیصد کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے، جنوری2021 میں مہنگائی کا سلسلہ 5 فیصد سے شروع ہوا اور افراط زر میں اضافہ ہونے کے ساتھ نومبر2021 میں 20 ماہ کی بلند ترین سطح 11.5 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔پٹرولیم مصنوعات، زرعی اجناس کی قیمتوں، ڈالر کی قدر میں اضافہ، اقتصادی پالیسیاں مہنگائی میں اضافے کے عوامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری میں مہنگائی سالانہ 5 فیصد، فروری میں8 فیصد، مارچ میں 9 فیصد، اپریل میں11 فیصد، مئی میں10 فیصد، جون میں9 فیصد، جولائی اور اگست میں 8 فیصد، ستمبر اور اکتوبرمیں 9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ افراط زر بڑھنے سے نومبر میں مہنگائی بڑھ کر11.5 فیصد کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ جبکہ یہاں واضح رہے کہ ادارہ شماریات کی گزشتہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ماہانہ 17 ہزار روپے کمانے والوں کیلئے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 22 فیصد سے بھی تجاوز کر چکی۔

متعلقہ خبریں