جنرل باڈی اجلاس، نیشنل پریس کلب کے انتخابات رواں ماہ (دسمبر) میں کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد (فیصل اظفر علوی) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جنرل باڈی کا غیر معمولی اجلاس، حالیہ انتخابات رواں ماہ دسمبرمیں کرانے کا فیصلہ، آئندہ ہر سال انتخابات مارچ میں ہوا کرینگے، جنرل باڈی نے گورننگ باڈی کے فیصلوں اور اضافی مدت کی بھی توثیق کر دی،تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آبادکی جنرل باڈی کا غیر معمولی اجلاس صدر این پی سی شکیل انجم کی زیر صدارت منعقد ہوا،نظامت کے فرائض سیکرٹری انوررضانے ادا کیے، اجلاس میں مختلف گروپوں کے سربراہان حاجی نواز رضا ،پرویز شوکت ، شہریار خان، شکیل قرار،مبارک زیب خان، علی رضا علوی، خاور نواز راجہ ، طارق عثمانی، اور دیگر رہنماؤں نے تجویز پیش کی کہ آئندہ انتخابات مارچ کے بجائے دسمبر میں کرائے جائیں جس پر ممبر نیشنل پریس کلب علی رضا علوی نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی تجویز مانتے ہوئے منتخب باڈی کو الیکشن دسمبر میں ہی کرا دینے چاہیں جس پر جرنلسٹ پینل کے چیئرمین افضل بٹ نے کہا کہ ہمیں تمام قائدین کی آرا ءکا احترام ہے اس لئے انتخابات دسمبر میں کرانے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن اس کے لیے جنرل باڈی کی توثیق کی ضرورت ہے۔

صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ پچھلی جنرل باڈی نے ہرسال انتخابات مارچ میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا اس لیے اس کی اجلاس سے توثیق کی ضرورت ہوگی، سیکرٹری انوررضا نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہشات کا احترام ہے، جنرل باڈی جو بھی فیصلہ دے ہمیں قبول ہوگا، اس پر سینئر ممبر نیشنل پریس کلب فوزیہ شاہدنے قرارداد پیش کی کہ اس سال انتخابات دسمبر میں کر ا لیے جائیں لیکن آئندہ انتخابات جنرل باڈی کے سابقہ فیصلے کے مطابق ہر سال مارچ میں ہی ہوا کریں اوراس سال انتخابات میں جیت کر آنے والی گورننگ باڈی مارچ 2023ء تک اپنا کردار ادا کرے،انہوں نے مزید کہا کہ جنرل باڈی حالیہ گورننگ باڈی کے تمام فیصلوں کی توثیق کرے اور اگست 2021ء کے بعدسے الیکشن تک کی مدت کی بھی توثیق کردے ۔جس پر جنرل باڈی نے متفقہ طور پر قرارداد کی توثیق کر دی۔ اجلاس میں ممبر نیشنل پریس کلب مبارک زیب خان نے آئینی نکات پر بات کی،نیشنل پریس کلب کی جنرل باڈی کےحالیہ فیصلے کے مطابق اب حالیہ انتخابات کا اعلان گورننگ باڈی اپنے آئندہ اجلاس میں کردے گی اور نومنتخب باڈی کو مارچ 2023ء تک کام کرنے کی مدت حاصل ہوگی، آئندہ ہر سال انتخابات مارچ میں ہوا کریں گے جبکہ جنرل باڈی نے موجودہ گورننگ باڈی کے تمام فیصلوں اور مدت کی توثیق کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں