وفاقی وزیرجاوید کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل

وفاقی وزیرجاوید کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل میں کہاہے کہ میڈیا کو نکیل ڈال کر دانشِ عمومی سے محروم مجرموں کے نیم خواندہ گروہ سے پریس کانفرنسز کروانے والے کم از کم ان کی بنیادی تعلیم کا ہی بندوبست کر دیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملک بھر سے بدزبانوں، جیب تراشوں اور رسّہ گیروں کو سنجیدہ موضوعات پر بیانیہ بنانے پر لگا کر قومی دانش کی توہین کی جارہی ہے۔ٹھیکوں، کمیشنز اور کِک بیکس پر پلنے والے طفیلئے پولیٹیکل فنانس کے نام تک سے ناواقف ہیں۔قومی خزانہ لوٹ کر جماعتیں چلانے والوں کیلئے یہ سمجھنا بھی مشکل ہے کہ چوری اور بددیانتی کے بغیر بھی سیاسی جماعت چلائی جاسکتی ہے۔جاوید لطیف نے جس جماعت میں پرورش پائی ہے اس کا قائد اپنی جماعت کے اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرتا رہا ہے۔جاوید لطیف جس جماعت کا اتحادی ہے اس کے چیئرمین کے صدقے کے جانور بھی اومنی گروپ اور جعلی اکاؤنٹس میں چھپائے پیسے سے خریدے جاتے رہے ہیں۔تحریک انصاف ملک میں پولیٹیکل فنانس کی موجد، اس کی مالیات کو جدید طریقے سے شفاف ترین انداز میں مرتب کیا جاتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے اب تک اپنے مالیات کا پورا حساب دیا ہے۔اس سے پہلے جاتی امراء کے قزاق کے ایک دوسرے درباری کی درخواست پر چیئرمین عمران خان نے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی کا حساب دیا۔ عمران خان کے 40 سالہ مالی ریکارڈ کی مفصل پڑتال کے بعد ہی سپریم کورٹ نے انہیں صادق و امین قرار دیا۔جس الیکشن کمیشن نے پے درپے سماعتیں کرکے تحریک انصاف کی مالیات کی پڑتال کی وہ 2017 سے نون لیگ اور پیپلزپارٹی کو گود میں بٹھا کر لوریاں سنا رہا ہے۔دونوں جماعتیں الیکشن کمیشن کو ریکارڈ دے رہی ہیں نہ اس کی سکروٹنی کمیٹی کو ان کی پڑتال کی کوئی جلدی ہے۔9 مئی کی تحقیقات پر بِدکنے والے اس فالس فلیگ آپریشن کے حوالے سے مزید جھوٹ پر خواہش و خیال کے قلعے تعمیر نہیں کرسکتے۔اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی مندوب کے خیالات پر رقصِ جاہلانہ برپا کرنے والے حقائق کو سامنے دیکھ کر اُلٹے پاؤں بھاگ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اوباش بےلگام کرکے قومی ذرائع ابلاغ پر جھوٹ، مکر اور فریب کا دھندہ سجانے کی بجائے ریاست میڈیا کو آئین کی روح کے مطابق آزاد کرے۔غیرآئینی اور غیرجمہوری حلقوں کی سازشی ٹکسالوں میں ڈھلنے والے بیانیاں سے باشعور عوام خود نمٹ لیں گے۔

متعلقہ خبریں