لندن میں ملک و قوم کے لئے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں، حمزہ شہباز

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لندن میں ملک و قوم کے لئے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں ،میں نے کمر کس لی ہے میں خود ہر جگہ جائوں گا ،مہنگائی کے خلاف جہاد کرکے عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے،عمران خان کسی غلط فہمی میں ہے کہ وہ ہمیں دبائو میں لے آئے گا ،عمران نیازی کو وارننگ دیتا ہوں کہ آپ آئین اور عدالت کے فیصلوں کو نہیں مانتے اور اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) تمہاری طرح انتقام تو نہیں لے گی لیکن قانون کو حرکت میں لا کر تمہیں قانون کا احترام سکھائے گی ۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تم نے اپوزیشن کو ناحق جیل میں ڈالا تھا ،تمہارے خلاف تو باقاعدہ ثبوت موجود ہیں، جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کو مکمل کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،لوڈشیڈنگ کے جن کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا تھا لیکن سابقہ حکومت کی نااہلیاں سامنے آ رہی ہیں ،ہم لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سمیت ہر ایشو پر حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے ،دن رات کام کر کے ان مسائل سے چھٹکارا پائیں گے ،ہم عوام کی خدمت کے جذبے سے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزانتظامیہ نے 3 گھنٹے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کئے کیونکہ سیالکوٹ میں جلسے کے مقام پر مسیحی برادری کو تحفظات ہیں ،انتظامیہ نے تحریک انصاف کو متبادل جگہ کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ہٹ دھرمی کی ،عمران نیازی ملک میں خون خرابہ چاہتا ہے ،اس نے تماشا لگانا ہے تو لگائے لیکن قانون کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی ،پاکستان آج دوراہے پر کھڑا ہے، اس ملک کے بننے میں لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ،آج ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، عمران نیازی کی بداخلاقی نے عوام میں انتشار بھر دیا ہے ،آج تمام سیاسی جماعتوں کوذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، تمام ادارے Xملکی سلامتی کے ضامن ہیں ،ہم نے بدترین سیاسی انتقام کے باوجود کبھی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی نہیں کی ،یہ شخص عالمی برادری کے خلاف جلسوں میں بات کرتا ہے اور جھوٹی سازش کا بار بار ذکر کرتا ہے ،اس نے پہلے بھی عوام کو ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے نام پر دھوکہ دیا ،اب اس کے جھوٹ ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے ،قانون حرکت میں آئے گا اور اگر یہ پیار سے نہ سمجھا تو اسے سختی سے سکھائیں گے کہ ملکی آئین و قانون آپ کی انا ء سے بڑا ہے۔

متعلقہ خبریں