وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری کی انکوائری کا حکم دے دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ موسم کی خراب صورتحال اور عوام کے رش کے باعث یہ صورتحال پیش آئی،اس صورتحال کیلئے ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مری واقعے پر بہت غمزدہ ہوں، مری میں سڑکوں پر سیاحوں کی اموات پر بہت افسردہ ہوں، غیرمعمولی بارفباری اور موسمی صورتحال معلوم کیے بغیر عوام نے مری کا رخ کیا، اس صورتحال کیلئے ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی،موسم کی خراب صورتحال اور عوام کے رش کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔انہوں نے کہا کہ مری میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے باعث مری جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد جب برفباری کا نظارہ کرنے پہنچی، جہاں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات میں داخل ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔فیملیز گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئیں۔ شدید برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ کوہسار اور گلیات میں برفانی طوفان کے باعث 16 سے19 افراد جاں بحق ہوئے، ایک ہزار سے زائد گاڑیاں ابھی تک پھنسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب رپورٹ کے مطابق مری میں شدید برف باری سے سڑکیں بند ہونے سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں اور 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے مری میں سیاحوں کے پھنسنے اور گاڑیوں میں موجود افراد کی اموات کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعہ نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔

حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللّہ تعالی مرحومین اور ان کے لواحقین اور پاکستان پر اپنا خصوصی رحم فرمائے۔ آمین اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے مری میں سرد موسم سے سیاحوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کرے، مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے مری میں سرد موسم سے سیاحوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مری میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہیں۔ مری میں افسوس ناک سانحے پرپورا ملک سوگوار ہے، بہتر ہوتا کہ مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔

متعلقہ خبریں