سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےآرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو بڑے سعودی اعزاز سے نوازدیا

جدہ( نیوز ڈیسک)سعودی عرب نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نواز دیا ۔ عرب میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا ، جہاں ولی عہد محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا۔بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط اور ترقی دینے میں جنرل باجوہ کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی ولی عہد اور پاکستان کے آرمی چیف نے ملاقات بھی کی جس میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر عسکری شعبوں اور ان کو ترقی دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے کئی مسائل پر بھی بات کی ، تقریب میں سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی موجود تھے ، ان کے علاوہ سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی اور دونوں اطراف کے کئی سینئر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں