میری 88 سالہ والدہ کے گھر کے باہر سینکڑوں افراد کئی گھنٹوں سے مظاہرہ کر رہے ہیں،جمائمہ

لندن(نیوز ڈیسک) جمائما گولڈ اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ دھمکی دی گئی ہے کہ میں اور میرے بچے گھر سے باہر نہ آئے تو یہ لوگ میرے بیڈ روم میں گھس جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیاست کی گرما گرمی نے لندن میں مقیم پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔مسلم لیگ ن برطانیہ کی جانب سے جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے ہیں جن پر عمران خان کے مخالف اور وزیر اعظم
شہباز شریف اور نواز شریف کے حق میں جملے درج تھے۔

اس حوالے سے اب جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں سنگین الزام عائد کیا گیا۔جمائما کا کہنا ہےکہ میری 88 سالہ والدہ کے گھر کے باہر سینکڑوں افراد کئی گھنٹوں سے مظاہرہ کر رہے ہیں،دھمکی دی گئی ہے کہ میں اور میرے بچے گھر سے باہر نہ آئے تو یہ لوگ میرے بیڈ روم میں گھس جائیں گے۔ اپنی ٹوئٹ میں جمائما یہ معاملہ پولیس کے نوٹس میں بھی لائیں۔ 2 روز قبل بھی جمائما نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ان کے گھر کے باہر مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جس سے انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ 90 کی دہائی کا لاہور ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جمائما نے جب ٹوئٹر پر اپنے گھر کے باہر احتجاج کی اطلاع دی تو ان کے نام کا ہیش ٹیگ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، جب کہ متعدد پاکستانیوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔ٹوئٹس پر جمائما بھی بے دھڑک اپنے جوابات دے رہی ہیں ، ان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ان کا پاکستان کی سیاست، سابق شوہر عمران خان یا ان کی پارٹی تحریکِ انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں متعدد بار عمران خان کو کچھ چیزیں بتانے کا کہا جاتا ہے لیکن یہ واضح ہے کہ وہ میرے سابق شوہر ہیں اور ان سے میرا اب کوئی تعلق نہیں ہے، نا ہی ان کی جماعت پی ٹی آئی پر میرا کوئی اثر ہے۔ایک صارف نے جمائما کو ان کے ماضی میں کیا گیا ٹوئٹ یاد دلایا جس پر انہوں نے پاکستانی سیاست پر تبصرہ کیا تھا، صارف نے جمائما کے لیے منافق کا لفظ استعمال کیا جس پر وہ ردعمل دیے بنا نہ رہ سکیں۔انہوں نے صارف سے سوال کیا کہ کیا ماضی میں سیاسی رائے کا اظہار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ مجھے نسل پرستانہ بدسلوکی کا نشانہ بنایا جائے اور کیا میرے گھر کا پتہ سوشل میڈیا پر شائع کیا جائے؟ جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید کہا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ میرے بچے، جنہوں نے کبھی پاکستانی سیاست پر تبصرہ نہیں کیا انہیں بھی نشانہ بنایا جائے؟۔

متعلقہ خبریں