مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺکے بند دروازے بچوں کے لیے کھل گئے

ریاض (نیوز ڈیسک) بچوں کے لیے ڈیڑھ سال سے بند مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دروازے کھول دئیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے 12 سے 18 برس کے بچے اب عمرہ بھی ادا کرسکتے ہیں۔حرمین انتظامیہ نے عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والے بچوں کا خیرمقدم کیا، بچوں نے مسجد نبوی میں نماز بھی ادا کی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عازمین کو اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے عمرہ کا اجازت نامہ لینا ہوگا جبکہ عمرے کے علاوہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز کے اجازت ناموں کا اجرا ویکسینیشن سے مشروط ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے 12 سے 18 سال کے بچوں کو مسجد نبوی میں داخل ہونے اور نماز ادا کرنے کی اجازت دی ہے۔علاوہ ازیں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’12 سے 18 سال کے بچوں کو کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لینے کی شرط پر عمرہ کی کی اجازت دی گئی ہے‘۔یاد رہے کہ وزارت صحت نے 30 جون کو 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو کرونا کی پہلی خوراک دینا شروع کی تھی۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے گزشتہ ہجری سال کے دوران آب زمزم کی 18 ملین بوتلیں مسجد الحرام کے زائرین میں تقسیم کی ہیں۔عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ 10 ملین لٹر آب زمزم زائرین میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 15 گاڑیوں کے ذریعے آب زمزم کی بوتلیں طواف کرنے والوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہزار کارکنان نے آب زم زم کی تقسیم میں حصہ لیا۔ 68 سمارٹ گاڑیاں اور 200 بیگ زمزم کی تقسیم میں استعمال کیے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طواف کے صحن، صفا اور مروہ کے درمیانی علاقے، جنازوں کی نماز والے مقام، پہلی منزل خصوصا کنگ فہد اور کنگ عبداللہ والی توسیع کے حصوں، الیکٹرانک زینوں اور دروازوں پر زائرین کو آب زمزم پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں