دی ہنڈریڈ ایئرز: فلم تیار ہے، لیکن 2115 میں ریلیز ہوگی

پیرس(نیوز ڈیسک)فلمی دنیا کا ایک دلچسپ واقعہ سال 2015 میں اس وقت سامنے آیا جب اگلی صدی کی دنیا پر مبنی ایک مختصر فلم بنائی گئی اور اسے محفوظ کرلیا گیا۔ اب یہ فلم ٹھیک ایک سو برس بعد سال 2115 میں ریلیز کی جائے گی۔اس فلم کے مرکزی کردار جان مالکووچ اورشویا چینگ ہیں جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم مین 2015 کے لحاظ سے اگلے سو برس کی دنیا دکھائی گئی ہے۔ اس فلم کا اگرچہ کوئی ٹریلر ریلیز نہیں کیا گیا ہے لیکن ٹیزر دستیاب ہے۔فلم کے ہدایت کار رابرٹ روڈریگز ہیں اور اس کی کہانی بھی جان مالکووچ نے ہی تحریر کی ہے۔

فلم کا پورا نام ’دی ہنڈریڈ ایئرز: دی مووی یو ول نیور سی‘ رکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اسے اپنی زندگی میں نہیں دیکھ سکیں گے تاہم سو سال بعد کے لوگ اسے دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے کہ ہم نے اگلے سو برس کی ترجمانی درست کی تھی یا نہیں۔اس سے قبل بوائے ہڈ نامی فلم بھی اسی موضوع پر تھی جس میں ایک بچے کو مسلسل بارہ برس تک فلمایا گیا اور اسے بچپن سے بالغ ہوتے دکھایا گیا تھا۔ تاہم دی ہنڈریڈ ایئرز ایک مختلف قسم کی سائنس فکشن فلم ہے جو ایک صدی بعد ریلیز ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ اسے آرٹ کا ایک طویل عرصے تک جاری رہنے والا منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔لیکن یاد رہے کہ اس فلم میں لوئی ہشتم سے معنون انگوروں کی شراب کو فروغ دیا گیا ہے جو دنیا کی پرانی ترین اور مہنگی ترین شرابوں میں سے ایک ہے۔ کئی دہائیوں پرانی ایک بوتل اب بھی 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوتی ہے۔اس فلم کو ایک خودکار بلٹ پروف لاکر میں رکھا گیا ہے جس میں ٹائمر لگا ہے اور 2115 کے 18 نومبر کو وہ ازخود کھل جائے گا۔ 2115 میں فلم کی ریلیز میں دنیا بھر کے 100 مشہور افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں