اسلام آباد میں کورونا کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز رپورٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1131 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ڈی ایچ او کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 15.5 فیصد تک پہنچ گئی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے اپیل کی کہ شہری ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد انتقال کر گئے اور 7678 نئے مریض بھی سامنے آئے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 59343 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7678 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 23 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.94 فیصد رہی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29065 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 تک پہنچ چکی ہے۔اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 814 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 66479 ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں