کورونا کی نئی لہر، ملک میں آج4ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ،9افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی لہر میں تیزی آچکی ہے اور ملک میں آج بھی 4 ہزار سے زائد نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب ے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے ساتھ ہی کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 12 ہو گئی گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی ، اس دوران وباء کے 4 ہزار 27 نئے مریضوں کی بھی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی فعال کیسز کی تعداد 31 ہزار 551 ہوچکی ہے جب کہ اس وقت تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 24 ہزار 147 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم 12 لاکھ 63 ہزار 584 افراد ایسے بھی ہیں جو وباء سے مکمل طور پر صحت یاب ہوئے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا جب کہ کورونا پابندیوں کا نفاذ بھی شروع کر دیا ، کورونا کے پانچویں لہر کے باعث این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کی رفتار پر اظہار تشویش کیا گیا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت کی اقدامات کی ہدایت کی ، این سی او سی نے صوبوں کو کرونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔بتایا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں دوران پرواز کھانے کی فراہمی پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ پرواز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ، این سی او سی نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ صوبے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ایس او پیزپر سختی سے عمل درآمد کریں اور شعبہ تعلیم ،ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ، این سی او سی نے 17 جنوری کو بین الصوبائی وزرا صحت اور تعلیم کا اجلاس بھی طلب کر لیا ۔

وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں کورونا ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا جب کہ وزرائے صحت کے اجلاس میں سماجی اور شادی کی تقاریب، ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا جب کہ این سی او سی کی جانب سے ویکسی نیشن مہم اور اہداف کا حصول بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، این سی اوسی نے صوبوں خاص کر حکومت سندھ کیساتھ وبا کےپھیلاؤ پر ملکر کام کرنے کا عزم کا اعادہ کیا اور صوبوں کو آکسیجن اسٹاک سے متعلق سروے کروانے کی ہدایت کی ، این سی او سی کا کہنا تھا کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

متعلقہ خبریں