جاز کیش، ایزی پیسہ جیسی فنانشل ایپلی کیشن کے ذریعے رقوم کی منتقلی پر بڑی فیس عائد۔۔۔ ہر ٹرانزیکشن پر کتنے روپے کٹوتی ہو گی؟ جانئے

پاکستان کی سب سے بڑی موبائل سِم کمپنی جیز جو کہ فنانشل سروسز بھی فراہم کرتی ہے کی طرف سے انٹرنیٹ پر موجود اپنی فنانشنل ایپلی کیشن جیز کیش سے لین دین کرنے پر 5 روپے فیس عائد کر دی گئی ہے۔ ملک کے معروف اشاعتی ادارے روزنامہ جنگ کی طرف سے شائع کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق جیز کیش سے لین دین کرنے پر عائد کی گئی نئی فیس کا اطلاق رواں ماہ سے شروع ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق جیز کیش ایپلی کیشن سے پیسوں کی لین دین کی صورت میں کسی بھی دکاندار یا انفرادی طور پر شہریوں کو 5 روپے اضافی طور پر ادا کرنے پڑیں گے، اس سے پہلے اس ایپلی کیشن سے لین دین پر کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیز کمپنی کے اس فیصلے سے ملک کے 1 کروڑ سے زیادہ صارفین کو کسی بھی ٹرانزیکشن پر اضافی 5 روپے کی ادائیگی کرنا ہو گی۔

ترجمان جیز کمپنی خیام صدیقی کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے 12 مئی 2023ء کو ایک سرکلر جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق موبائل والٹ میں کیش ڈیپازٹ پر لین دین کی رقم کا صرف اعشاریہ 5 فیصد یا 100 روپے جو بھی کم ہو گا چارج کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔

خیام صدیقی نے بتایا کہ جیز کیش ایپلی کیشن استعمال کرنے والے صارفین کو ڈیجیٹل لین دین پر عائد کی گئی 5 روپے کی فیس ادائیگی کے حوالے سے جیزکیش کی ویب سائٹ کے ذریعے پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔ صارفین کے علاوہ دکانداروں کو آگاہ کرنے کیلئے ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دینا یقینی بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی ملک میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کو فروغ دینے کیلئے سی بی اے اور جیز کیش کے مابین معاہدے طے پایا تھا۔ معاہدے کا مقصد جیز کیش کے صارفین کو سی بی اے کا ریٹیل نیٹ ورک استعمال کرتے ہوئے رقم جمع کروانے اور نکلوانے کے حوالے سے آسانی فراہم کرنا تھا۔ جیز کیش برانچ لیس بینکنگ خدمات دینے والا ادارہ ہے جس کا موبائل پیمنٹ کی سرگرمیوں میں نمایاں مارکیٹ شیئر ہے۔

متعلقہ خبریں