ڈالر نے روپے کی کمرتوڑ دی، ایک سال میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 47روپے سے زائد کا اضافہ ہوا

لاہور (نیوز ڈیسک) مالی سال 2022 کے دوران ڈالر نے پاکستانی روپے کی کمر ہی توڑ ڈالی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق 30 جون 2022 کو ڈالر 204 روپے 85 پیسے پر بند ہوا جبکہ 30 جون 2021 کو ڈالر 157 روپے 54 پیسے پر بند ہوا تھا۔ مالی سال کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 47 روپے 31 پیسے بڑھ گیا ہے جبکہ 22جون 2022 کو ڈالر 211 روپے 93 پیسے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔گزشتہ مالی سال کے دوران اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 29.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گذشتہ روز 30 جون 2022 کو ڈالر 205 روپے پر بند ہوا تھا جبکہ 30 جون 2021 کو ڈالر 158 روپے پر بند ہوا تھا۔ مالی سال 2022 کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 47 روپے بڑھ چکا ہے جبکہ 22 جون 2022 کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 215 روپے کی بلند ترین سطح پر فروخت ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دن کے آغاز سے ہی ڈالر کی بے قدری کا سلسلہ جاری تھا اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 27 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔گذشتہ 7 دنوں کے دوران ڈالر کی قیمت میں 7 روپے تک کمی ہوئی ہے، امریکی ڈالر کی قیمت انٹربینک میں 211.93 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی تھی۔ اس حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض کے حوالے سے مثبت خبروں کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔آئی ایم ایف سے معاملات باقاعدہ طور پر طے پا جانے اور قرض ملنے کے بعد ڈالر کی قیمت میں واضح اور مزید کمی کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا ہےکہ صرف گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران روپے کی قدر میں ہونے والی کمی کی وجہ سے ملکی قرضوں کے بوجھ میں ہزاروں ارب روپے کا اضافہ ہو چکا۔

متعلقہ خبریں